asiacupband700-english

عازمین حج و عمرہ کے ساتھ دھوکہ ناقابل برداشت:ظفر جمال

پرائیویٹ حج و عمرہ ٹور آپریٹرس نے مسائل پر غور وخوض کیا، سروس ٹیکس عائد کئے جانے کی شدید مخالفت
فیڈریشن آف حج پرائیویٹ ٹورس آپریٹرس آف انڈیا کی سنٹرل کمیٹی کے زیر اہتمام اترپردیش حج و عمرہ ٹور آپریٹرس کی اہم میٹنگ
(کرسر)
کوئی حج و عمرہ پرائیویٹ ٹور آپریٹر کسی عازم کے ساتھ کوئی دھوکہ یا وعدہ خلافی کرے تو وہ اس نمبر پر رابطہ کرکے مطلع کرسکتے ہیں: 09892766882
لکھنؤ (انقلاب نیوزبیورو): فیڈریشن آف حج پرائیویٹ ٹورس آپریٹرس آف انڈیا کی سنٹرل کمیٹی کے زیر اہتمام اترپردیش حج و عمرہ ٹورس آپریٹرس کی ایک اہم میٹنگ دوشنبہ کو جے شنکر پرساد ہال میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ممبئی سے فیڈریشن کے ذمہ داران نیّر شعبان اور ظفر جمال کےعلاوہ لکھنؤ، گورکھپور، اعظم گڑھ، سلطانپور، وارانسی، فیض آباد، اناؤ، کانپور سے حج و عمرہ ٹورس آپریٹرس نے شرکت کی۔ طاہر علی (گورکھپور) نے نظامت کرتے ہوئے کہاکہ ٹور آپریٹرس ایک اہم دینی فریضہ سے جڑا کام کررہے ہیں، اس لئے ہمیں یہ کوشش کرنا ہے کہ یہ کسی طرح سے بدنام نہ ہو۔
ممبئی سے آئے فیڈریشن کے ذمہ دار ظفرجمال نے اجتماعیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ہم تنہا اپنے کاروبار سے جڑے ہوئے مسائل کو حل نہیں کرسکتے۔ ہمیں مل جل کر جدوجہد کرنا ہوگا، اسی مقصد سے یہ فیڈریشن بنائی گئی ہے۔ اب اترپردیش میں بھی اس کی تشکیل کی گئی ہے اور طاہر علی (ساغر ٹورس) کو اس کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
ممبئی سے تشریف لائے فیڈریشن کے ذمہ دار نیر شعبان نے اپنی گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ عمرہ و حج سروس کے میدان میں کچھ ٹور آپریٹرس کے ذریعہ دل لبھانے والے وعدوں اور کم ریٹ کے نام پر عازمین حج کو دھوکہ دیا جاتا ہے، یہ کسی بھی صورت میں ہمارے لئے ناقابل قبول ہونا چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ فیڈریشن نے یہ طے کیا ہے کہ اس سلسلہ میں سخت اقدام کیا جائے ، کسی بھی ٹور آپریٹر کو فریب دہی نہیں کرنے دیا جائے گا۔ اس کےلئے تمام اخلاقی اور اقدامات فیڈریشن کرے گی۔ انھوں نے کہاکہ فیڈریشن آف حج ٹور آپریٹرس کوشش کرے گی کہ یہ کاروبار صاف ستھرے انداز میں ہو اور عازمین حج و عمرہ کو مناسب ریٹ پر بہتر سہولیات فراہم کرائی جائیں۔ فیڈریشن ٹور آپریٹر کے مسائل کے حل کےلئے پوری مضبوطی کے ساتھ قانونی چارہ جوئی کرے گی۔
نیر شعبان نے کہاکہ ٹور آپریٹرس کے فیڈریشن نے ایک گائیڈلائن بنائی ہے ، جو اس کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کرائی جائے گی۔ میٹنگ میں سبھی موجود ٹور آپریٹرس سے مشورہ کے بعد یہ بات کہی گئی کہ کوئی بھی ٹور آپریٹر تھرڈ کلاس کی سروس کا وعدہ نہیں کرتا، ظاہر ہے کہ وہ معقول اور مناسب سروس کا وعدہ کرتا ہے۔ نیر شعبان نے مزید کہاکہ عازمین کو بھی یہ سمجھنا چاہئے کہ کم سے کم ریٹ میں اگر کوئی اچھی سروس کا وعدہ کرتا ہے تو وہ آپ کے ساتھ دھوکہ کرسکتا ہے۔ اس لئے آپ بھی ہوشیار رہیں۔ اگر کسی حج یا عمرہ پر جانے والے عازم کے ساتھ کسی بھی طرح کا دھوکہ یا وعدہ خلافی کوئی ٹور آپریٹر کرتا ہے تو وہ اس نمبر پر رابطہ کرے: 09892766882۔
ٹور آپریٹرس اپنے اشتہار میں اپنے پیکیج، رہائش اور دیگر سہولیات کو واضح لفظوں میں لکھیں اور جو وعدہ کریں اسے لازماً پورا کریں۔ نیّر شعبان نے زور دے کر کہاکہ حکومت کی جانب سے عازمین عمرہ وحج پر سروس ٹیکس لگانے کی جو بات کی جارہی ہے وہ نہایت ہی غیرمناسب اور غیرمنصفانہ قدم ہے۔ فیڈریشن نے اس سلسلہ میں سپریم کورٹ میں کیس داخل کیا ہے، جس کی آئندہ سماعت 21؍نومبر کو ہے۔ انھوں نے تمام ٹور آپریٹرس سے اپیل کہ متحد رہیں اور پوری مضبوطی سے سروس ٹیکس کے خلاف سپریم کورٹ میں کیس لڑا جائے تاکہ عازمین حج و عمرہ کو اس غیرمعقول ٹیکس سے نجات دلائی جاسکے۔ نیر شعبان نے زور دے کر کہاکہ اگر ہم نے مل جل کر جدوجہد نہیں کی تو ٹور آپریٹر س کو نقصان تو ہوگا ہی، اس کے ساتھ عازمین پر بھی بوجھ پڑے گا۔
اس سے قبل میٹنگ کا آغاز طاہر جمال کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔اس موقع پر سامین ٹور اینڈ ٹریولس ، مرزا ٹور اینڈ ٹریول، جبل انٹرپرائزز، ایس آر اوورسیز، جمال حج ٹورس ، عمار ٹور سروسیز، مکہ ٹور اینڈ ٹریول، ارمان ٹور اینڈ ٹریول، لاریب انٹرنیشنل، الحبیب ٹور اینڈ ٹریول، ساغر ٹور اینڈ ٹریول، ردا انٹرنیشنل، الہدایہ ٹور اینڈ ٹریول، جنت ٹریولس، الوہا حج ٹور وغیرہ کے نمائندے موجود تھے۔

Share this:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *